May 10, 2015

محبت

محبت
اندھیروں کے گھنے جنگل میں
کسی کی یاد کے جگنو
پکڑنے کیلئے اکثر
دور تک جانے کا سفر ہے
محبت
لوک داستانوں کی ایسی کتاب ہے
جس میں کہیں مورپنکھ
کہیں گلاب  رکھے ہوں
محبت


اشکوں کی بھپری ہوئی موجوں کا
گالوں کے ریتلے ساحل پہ
بوسہ ثبت کرنا ہے
محبت
کسی قدیم جنگل میں
آلتی پالتی مار کے بیٹھے
اک بوڑھے شجر پہ
نوخیز کلیوں کا کھلنا ہے
محبت
ٹھہرے پانیوں  میں
کنکر گرانے کو کہتے ہیں
محبت
خنک رات کے پہلو میں
لیٹے ہوئے اک چاند کو
دن کی تپتی دھوپ میں
آوارگی پہ مجبور کرتی ہے
محبت
بہار کے جھرونکوں سے
خزاں کے قافلے کو
گزرتا دیکھ کر
اداس ہو جانے کا نام ہے 
(بلال بارش ) 

No comments:

Post a Comment