آج پھر مستونگ میں بیس بے گناہ
پاکستانیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا .ان شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے
گا ٹائپ بیانات پھر سے ہر چینل اور اخبار
کی زینت بنے (ہم اتنی بانجھ قوم ہیں کہ ساٹھ سالوں میں اپنے بیانات کے الفاظ بھی
نہ بدل سکے ). البتہ پچھلے کچھ دنوں سے ان
بیانات میں کچھ مرچ مسالہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را " کی کارستانی جیسے
بیانات نے ڈال رکھا ہے .ہم لوگ اسی بات پہ
بھنگڑے ڈال رہے ہیں کہ اس میں انڈیا کا نام آیا ہے .دل پہ ہاتھ رکھ کے
اپنے آپ کو تسلّی دے رہے ہیں کہ ہم نہ کہتے تھے یہ انڈیا ہی ہو گا .وہ تو ہے ہی
ہمارا دشمن .ساتھ میں ضرور اسرائیل ہو گا
اور جہاں یہ دو ہوں وہاں امریکا تو لازمی
ہمارے ذہن میں آتا ہے .یہ سب ہمارے چین کے ساتھ تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں تا کہ
ہم ترقی نہ کر سکیں وغیرہ وغیرہ
لیکن مجال ہے جو کسی دانشور ، یا
سیاستدان یا کسی اور نے حکمرانوں سے پوچھا ہو کہ جناب ِ والا ! اگر انڈیا اتنے
عرصے سے ہمارے ملک میں اپنا نیٹ ورک بنا رہا تھا تو آپ نے اس کو روکنے کے لئے کیا اقدامات کئے اور
اگر کئے تو ان کا خاطر خواہ فائدہ کیوں نہ ہوا ؟ہمیں مسئلہ کا حل بتائیے اس کی وجہ
نہیں ......(اور اگر نہیں بتا سکتے تو ہمارے زخموں پر نمک پاشی مت کیجیئے )